سندھ کے ضلع گھوٹکی میں گڈو کشمور روڈ پر ڈاکوؤں کے حملے کے بعد اغوا کیے گئے 19 مسافروں میں سے 11 کو پولیس اور رینجرز نے سون میانی میں مقابلے کے دوران بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ ڈی ایس پی اوباڑو عبدالقادر سومرو کے مطابق مزید مغویوں کی بازیابی کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے جبکہ ڈاکوؤں کے خلاف کارروائی ڈرون اور بکتر بند گاڑیوں سمیت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پیر کی شب مرید شاخ کے قریب مسافر بس پر حملہ کرکے 19 مردوں کو اغوا کیا گیا تھا، تاہم خواتین کو چھوڑ دیا گیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز نے فوری طور پر تعاقب شروع کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 11 مغویوں کو بازیاب کرایا گیا۔ کارروائی کی نگرانی ڈی آئی جی سکھر اور چار ایس ایس پیز نے کی، ایس ایس پی گھوٹکی کے مطابق جدید حکمت عملی اور ہتھیاروں کے استعمال سے ڈاکوؤں کو پسپا کیا گیا۔