اسلام آباد ہائیکورٹ: پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز 48 گھنٹوں میں ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز سے متعلق اہم حکم جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ یہ رولز آئندہ 48 گھنٹوں کے اندر ہائیکورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیے جائیں۔ عدالت نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بارز کو بھی ان رولز کی کاپیاں فراہم کی جائیں تاکہ وکلاء اور متعلقہ فریقین کو ان تک رسائی حاصل ہو سکے۔
سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے وکیل سے رولز کے بارے میں استفسار کیا، تاہم وکیل نے ان کی تفصیلات سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جسٹس کیانی نے ریمارکس دیے کہ "ہم نے وہ رولز بنائے جو ہمیں بھی نہیں ملے۔ میں جج ہوں مجھے نہیں ملے، آپ کو کیسے ملیں گے؟"
یہ حکم وکلاء اور عوامی سطح پر شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے دیا گیا ہے تاکہ عدالتی کارروائیوں میں وضاحت اور اعتماد قائم رہے۔