تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حالیہ کشیدگی اور بغاوت کو امریکی سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد ایران کو نقصان پہنچانا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ براہِ راست اس بغاوت میں ملوث تھے اور ایران میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کے ذمہ دار ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے الزام لگایا کہ امریکا نے نہ صرف ایران کو دھمکیاں دیں بلکہ فتنہ برپا کرنے والوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے امریکی سازش کو ناکام بنایا اور آئندہ بھی عوام کی حمایت سے فتنہ پھیلانے والے عناصر کو شکست دی جائے گی۔
سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ امریکا ایران پر اپنا غلبہ بحال کرنا چاہتا ہے، مگر ایرانی عوام اور قیادت اس کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان کے مطابق امریکا ایران کی سائنسی اور تکنیکی ترقی برداشت نہیں کر سکتا، اسی لیے وہ سازشوں کے ذریعے ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔