حکومتِ سندھ کا کراچی کے ہائی رسک یونین کونسلز میں خصوصی پولیو مہم کا آغاز
کراچی حکومتِ سندھ اپنے شراکت داروں کے تعاون سے ایک خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز کر رہی ہے، جس کا پہلا مرحلہ کراچی کے 27 ہائی رسک یونین کونسلز میں 22 فروری سے شروع ہو رہا ہے۔
اس مہم کا مقصد بچوں کی قوتِ مدافعت میں اضافہ کرنا اور پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ پہلے مرحلے میں پانچ سال سے کم عمر 562,163 بچوں کو اورل پولیو ویکسین (OPV) دی جائے گی، جبکہ چار ماہ سے پانچ سال تک کی عمر کے 521,953 بچوں کو فریکشنل ان ایکٹیویٹڈ پولیو ویکسین (fIPV) جدید اور بے درد جیٹ انجیکٹر ٹیکنالوجی کے ذریعے دی جائے گی۔ حکومتِ سندھ پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس قومی مقصد کے حصول کے لیے والدین اور نگہبانوں سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتی ہے۔ تمام بچوں کو اس زندگی بچانے والی ویکسین سے مستفید کروانا ہر فرد کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔