اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے غزہ میں پائیدار امن کے قیام اور تعمیر نو کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی "بورڈ آف پیس" میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو صدر ٹرمپ نے باضابطہ طور پر دعوت دی تھی۔ پاکستان کو امید ہے کہ اس عمل سے مستقل جنگ بندی اور غزہ کی تعمیر نو کے لئے عملی اقدامات سامنے آئیں گے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ کوششیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کا باعث بنیں گی اور ایک آزاد، خودمختار اور متصل ریاستِ فلسطین کے قیام کی راہ ہموار کریں گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان بطور رکن "بورڈ آف پیس" فلسطین کے لئے تعمیری کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔