اجلاس میں اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ ندیم میمن کی زیرِ صدارت اجلاس میں منظور شدہ 5 ٹئیر پروموشن فارمولہ حکومت کی جانب سے اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کا ثبوت ہے۔ شرکاء نے کہا کہ گریڈ 21 تک ترقی کے مواقع بڑھانے، میرٹ اور کارکردگی کو بنیادی معیار بنانے اور موجودہ ڈھانچے میں اصلاحات کی تجاویز سے ظاہر ہوتا ہے کہ محکمہ کالج ایجوکیشن ایک ایسا نظام تشکیل دینا چاہتا ہے جہاں محنت، صلاحیت اور قابلیت کو بھرپور صلہ ملے۔
رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ کمیٹی کی سفارشات جلد عملی شکل اختیار کریں گی، جس سے نہ صرف اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ ادارہ جاتی کارکردگی اور تدریسی معیار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور اساتذہ کو ترقی کے منصفانہ مواقع فراہم کرنا ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھنے کے مترادف ہے۔
شرکاء نے موجودہ حالات میں احتجاج اور کلاسز کے بائیکاٹ پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے کیونکہ اس کا براہِ راست نقصان طلبہ کے مستقبل کو پہنچتا ہے۔ اجلاس میں اساتذہ پر زور دیا گیا کہ وہ اختلافِ رائے کو مذاکرات اور ادارہ جاتی فورمز کے ذریعے حل کریں اور تعلیمی سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھیں۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی نظام کے استحکام، باہمی اعتماد اور طلبہ کے مفاد کو مرکزی حیثیت دیتے ہوئے پائیدار بہتری کو یقینی بنایا جائے گا۔