کراچی، 20 اگست 2026: پریم ساگر سنستھا کراچی کے وفد نے تاریخی نارائن جگن ناتھ ویدیا اسکول (این جے وی اسکول) کا دورہ کیا، جہاں تیسری، چوتھی اور پانچویں جماعت کے ہندو طلبہ و طالبات میں حکومتِ سندھ کے محکمۂ تعلیم کے نصاب میں شامل سَناتن دھرم کی کتب تقسیم کی گئیں۔ وفد نے کتب کی تقسیم کے ساتھ ساتھ کلاس رومز میں ان کی باقاعدہ تدریس کا بھی مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر آڈوانی، رکن سندھ اسمبلی مہیش کمار ہاسیجہ، پریم ساگر سنستھا کے وجے بی۔ مورجانی، صحافی، سماجی کارکن اور پریم ساگر سنستھا کی رکن جیوتی مہیشوری، این جے وی اسکول کی پرنسپل سشما دیوی، پوج ہندو پنچایت شہدادپور کے مکھی ونود کمار ایسرداسانی، انتم یاترا سیوا سماج کے روی کمار، اخوت فاؤنڈیشن کے نذیر صاحب اور سَناتن دھرم کی کتب یوٹیوب کے ذریعے بچوں کو پڑھانے والی اساتذہ مس جیونتی، مس پوجا اور مس کرن بھی موجود تھیں۔
وفد نے کلاس رومز کا دورہ کیا، جہاں طلبہ سَناتن دھرم کی کتب کا مطالعہ کر رہے تھے، جبکہ اساتذہ انہیں متعلقہ مضامین پڑھانے اور سمجھانے میں مصروف تھیں۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ اگست سے ان کتب کی باقاعدہ تدریس کلاس رومز میں شروع ہو چکی ہے اور طلبہ کو نصابی کتب کے ذریعے سَناتن دھرم سے متعلق مضامین پڑھائے جا رہے ہیں۔
پریم ساگر سنستھا کے وفد نے سَناتن دھرم کی کتب کی تقسیم اور ان کی باقاعدہ تدریس کے آغاز کو ایک اہم اور حوصلہ افزا پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ کلاس روم کی سطح پر ان کتب کی تدریس طلبہ کو اپنے مذہبی اور ثقافتی ورثے سے آگاہ کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔
بعد ازاں وفد نے تاریخی این جے وی اسکول کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ اسکول انتظامیہ نے وفد کو ادارے کی تاریخی اہمیت، تعلیمی خدمات اور شاندار تاریخی ورثے کے بارے میں بریفنگ دی۔
وفد کے ارکان نے اسکول کی تاریخی عمارت، تعلیمی ماحول اور جاری تدریسی سرگرمیوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور این جے وی اسکول کی تعلیمی و تاریخی خدمات کو سراہا۔