یو اے ای وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کسی خلاف ورزی کو قبول نہیں کرے گا۔ ترجمان کے مطابق ہمارے پاس اسٹریٹجک ہتھیاروں کے ذخائر موجود ہیں جو طویل عرصے تک خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ایران نے شہری علاقوں کو نشانہ بنایا جس سے نقصان پہنچا، تاہم ہماری سرزمین پر کوئی ایرانی میزائل براہِ راست نہیں گرا بلکہ صرف ملبہ گرا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جنگی طیارے ملک کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور ہم نے اپنی خودمختاری کا دفاع کیا۔
ابوظبی حکام نے پریس کانفرنس میں تباہ شدہ ایرانی میزائلز کا ملبہ براہِ راست دکھایا اور کہا کہ حملوں سے براہِ راست نقصانات نہیں ہوئے بلکہ ملبہ گرنے سے نقصان ہوا۔ حکام نے واضح کیا کہ ہم کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن تنازع کے پھیلاؤ کے خواہاں نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی حل مستحکم نتائج تک نہیں لے جاتے، اس لیے کشیدگی میں کمی کا مطالبہ کرتے ہیں تاہم اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
یو اے ای کے وزیرِ معیشت نے کہا کہ اشیائے ضرورت کے ذخائر ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے 4 سے 6 ماہ تک کافی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم تیزی سے متبادل منڈیاں تلاش کرنے اور مختلف بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔