نیلم ویلی قدرتی حسن اور تعلیمی امکانات کا مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، وائس چانسلر

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

	 	   نیلم ویلی قدرتی حسن اور تعلیمی امکانات کا مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، وائس چانسلر



 مظفرآباد  

آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کا نیلم کیمپس تعلیم کے لیے ایک نہایت موزوں اور پرکشش مرکز بننے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، جو ملک بھر کے طلبہ کے لیے ایک پسندیدہ تعلیمی منزل ثابت ہو سکتا ہے۔آزاد جموں وکشمیر یونیورسٹی کے نیلم کیمپس کے طلبہ کو یونیورسٹی کے دیگر کیمپسز کے برابر سہولیات اور توجہ فراہم کی جائے گی،ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر جامعہ کشمیرپروفیسر ناصر جمال خٹک نے یونیورسٹی کے نیلم کیمپس کے دورے کے موقع پر طلبہ،فیکلٹی ممبران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ترجمان جامعہ کشمیر کے مطابق وائس چانسلر جامعہ کشمیرپروفیسر ڈاکٹر ناصر جمال خٹک نے نیلم کیمپس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تعلیمی، انتظامی اور بنیادی ڈھانچے سے متعلق سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور کیمپس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ادارہ جاتی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دورے کے دوران وائس چانسلر نے طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے سے ملاقات کی اور کمپیوٹر لیبارٹریز اور لائبریری سمیت مختلف تعلیمی سہولیات کا معائنہ کیا۔


انہوں نے معیاری اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے جدید تعلیمی وسائل اور سازگار تعلیمی ماحول کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ نیلم ویلی کیمپس ایک ایسے خطے میں واقع ہے جو قدرتی حسن اور سیاحتی اہمیت کے حوالے سے منفرد مقام رکھتا ہے، اور یہی خصوصیات اسے ایک مثالی تعلیمی مرکز بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کیمپس کی آئندہ ترقی کے لیے مکمل انتظامی تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔وائس چانسلر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیلم کیمپس کے طلبہ اور اساتذہ کو یونیورسٹی کے دیگر کیمپسز کے برابر سہولیات اور توجہ فراہم کی جائے گی۔کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر لال حسین نے وائس چانسلر کو تعلیمی پیش رفت، انتظامی اصلاحات، طلبہ کے داخلوں اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری کے لیے منعقدہ سیمینارز، ورکشاپس اور ماہرین کے سیشنز سے بھی آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ 44.166 ملین روپے کی لاگت سے کیمپس کی باؤنڈری وال کے منصوبے کا ٹینڈر اخبارات اور پی پی آر اے ویب سائٹ پر شفافیت کے لیے جاری کیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ کمپیوٹر سائنس ڈیپارٹمنٹ اور کیمپس کی مزید بہتری کے لیے جمع کرائی گئی پی سی-ون تجاویز پر بھی بریفنگ دی گئی۔طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں وائس چانسلر نے انہیں محنت، نظم و ضبط اور کردار سازی کے ذریعے تعلیمی میدان میں اعلیٰ مقام حاصل کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے اپنی تعلیمی زندگی کے تجربات، بشمول ابتدائی تعلیم سے لے کرفل برائیٹ اسکالرشپ تک کے سفر، کا ذکر کرتے ہوئے طلبہ کو لگن اور مستقل مزاجی کی ترغیب دی۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کے سوالات کے جواب بھی دیے۔دورے کے موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر سعادت حنیف ڈار، ڈائریکٹر فنانس پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد بشارت اور کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر بشارت احمد بھی ہمراہ تھے۔دورے کے اختتام پر کیمپس ڈائریکٹر ڈاکٹر لعل حسین نے وائس چانسلر اور اعلیٰ انتظامی حکام کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اعزاز میں یادگاری شیلڈ پیش کی۔