ماحولیاتی چیلنجز اور ڈیجیٹل صحافت: گرین میڈیا انیشیئیٹوز کا ٹھٹھہ میں شاندار مشاورتی سیشن

فوزیہ جمیل فوزیہ جمیل

ماحولیاتی چیلنجز اور ڈیجیٹل صحافت: گرین میڈیا انیشیئیٹوز کا ٹھٹھہ میں شاندار مشاورتی سیشن

گرین میڈیا انیشیئیٹوز کے زیرِ اہتمام جامع ڈیجیٹل ڈیزاسٹر رپورٹ کی تیاری کے لیے ٹھٹھہ پریس کلب مکلی میں مشاورتی اجلاس، ساحلی علاقوں کے مسائل اور صحافیوں کے تحفظ پر زور


گرین میڈیا انیشیئیٹوز کے زیرِ اہتمام سندھ کے ساحلی علاقوں سے متعلق جامع ڈیجیٹل ڈیزاسٹر رپورٹ کی تیاری کے سلسلے میں ایک اہم مشاورتی اجلاس ٹھٹھہ پریس کلب مکلی میں منعقد ہوا، جس میں گرین میڈیا انیشیئیٹوز کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) شبینہ فراز، کمیونیکیشن آفیسر سعدیہ عبید خان اور پروگرام اینڈ ڈسٹرکٹ کووآرڈینیٹر فوزیہ جمیل نے شرکت کرتے ہوئے صحافیوں کو منصوبے کے مقاصد اور اہمیت سے آگاہ کیا۔


انہونے کہا کہ سندھ کے ساحلی علاقے موسمیاتی تبدیلی، سمندری کٹاؤ، میٹھے پانی کی قلت اور دیگر قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، اس لیے مقامی صحافیوں کے مشاہدات، تجربات اور تجاویز جامع ڈیجیٹل ڈیزاسٹر رپورٹ کی تیاری میں نہایت اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تیار کی جانے والی رپورٹ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) اور متعلقہ اداروں کو پیش کی جائے گی تاکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری، منصوبہ بندی اور ساحلی علاقوں کے تحفظ سے متعلق پالیسیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔


اس موقع پر ٹھٹھہ پریس کلب مکلی کے صدر شیراز وریو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے، خصوصاً کیٹی بندر، بہار گاہڑو اور گھوڑاباری، عرصۂ دراز سے میٹھے پانی کی شدید قلت اور قدرتی آفات کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے باعث ہزاروں افراد نقل مکانی کرکے مختلف شہروں میں جا چکے ہیں، جبکہ یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔


انہوں نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں شرحِ تعلیم انتہائی کم ہے، اس لیے قدرتی آفات سے بچاؤ اور احتیاطی


تدابیر سے متعلق عوامی آگاہی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹھٹھہ اور ساحلی پٹی کے صحافی قدرتی آفات کے دوران اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر رپورٹنگ کرتے ہیں، اس لیے انہیں حفاظتی تربیت، احتیاطی آگاہی اور سیفٹی کٹس کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور حکومتِ سندھ اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔


اجلاس میں ٹھٹھہ پریس کلب مکلی کے اراکین مراد خاصخیلی، قادر جاکھرو، سید امداد شاہ، ریاض خاصخیلی، ڈی بی شمس نہیو، انور بیگ، رزاق میمن، ملک منظور خاصخیلی، راجا فضلی، دانش خاصخیلی، یوسف میرانی سمیت دیگر صحافیوں نے شرکت کی اور ساحلی علاقوں کو درپیش مسائل، قدرتی آفات کے دوران صحافتی ذمہ داریوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں۔