وزیرداخلہ بلوچستان پر فائرنگ، دہشت گرد ناکام

سدرہ عارف سدرہ عارف

وزیرداخلہ بلوچستان پر فائرنگ، دہشت گرد ناکام


کوئٹہ: وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے انکشاف کیا کہ قلات سے کوئٹہ آتے ہوئے پہاڑوں پر موجود مسلح افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ میں پولیس اور ایف سی نے دہشت گردی کو ناکام بنایا، تاہم مقابلے میں ہمارے پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔

ضیا لانگو نے کہا کہ دہشت گرد حقوق کی جنگ نہیں لڑ رہے بلکہ ان کی قیادت افغانستان اور بھارت کے ہاتھ میں ہے۔ ڈی این اے شواہد بھی دہشت گردوں کے غیر ملکی تعلقات کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا کر استعمال کر رہے ہیں۔

وزیرداخلہ نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کا بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں، ان کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم دہشت گردوں کے بہکاوے میں نہ آئے۔ لانگو نے بتایا کہ ماضی میں خالق آباد اور قلات میں ایمبولینس نہیں تھی، مگر اب 30 سے 35 ایمبولینسز فراہم کی گئی ہیں تاکہ عوام کو سہولیات پہنچ سکیں۔

انہوں نے جشنِ آزادی کے موقع پر سیکیورٹی فورسز کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے مستقبل کے بارے میں سوچنا ہوگا اور دہشت گردی کے خلاف متحد رہنا ہوگا۔