ایس او ایس چلڈرن ویلیج گزشتہ 20 برس سے یتیم بچوں اور بچیوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور انہیں باوقار مستقبل فراہم کرنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

ایس او ایس چلڈرن ویلیج گزشتہ 20 برس سے یتیم بچوں اور بچیوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور انہیں باوقار مستقبل فراہم کرنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے

یتیم بچوں کا باوقار مستقبل معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، گورنر بلوچستان

ایس او ایس چلڈرن ویلیج کی 20 سالہ خدمات قابلِ تحسین، مستحق بچیوں کی معاشی خودانحصاری کیلئے تربیتی پروگرام خوش آئند ہے، جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ،  گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ایس او ایس چلڈرن ویلیج گزشتہ 20 برس سے یتیم بچوں اور بچیوں کی کفالت، تعلیم و تربیت اور انہیں باوقار مستقبل فراہم کرنے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دے رہا ہے، جبکہ مستحق بچیوں کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے اقدامات معاشرے کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔


یہ بات انہوں نے ایس او ایس چلڈرن ویلیج کوئٹہ میں منعقدہ ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

گورنر بلوچستان نے "لی پوش" کوئٹہ کی جانب سے یتیم اور مستحق بچیوں کے لیے معاشی خودانحصاری کے مقصد سے ایک سالہ پروفیشنل ٹریننگ پروگرام کے انعقاد کو لائقِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرامز نوجوان بچیوں کو ہنر مند بنا کر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔

انہوں نے سابق سینیٹر اور چیئرپرسن ایس او ایس روشن خورشید بروچہ کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہزاروں یتیم اور مستحق بچوں اور بچیوں کے محفوظ اور بہتر مستقبل کے لیے قابلِ قدر کردار ادا کیا ہے۔

جعفر خان مندوخیل نے صاحبِ استطاعت افراد پر زور دیا کہ وہ آگے بڑھیں اور یتیم، نادار اور مستحق افراد کے سر پر شفقت کا ہاتھ رکھیں تاکہ معاشرے کا کوئی بچہ یا بچی محرومی، بے بسی اور احساسِ تنہائی کا شکار نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم، تربیت اور بہتر مستقبل کے لیے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات اور فلاحی تنظیموں کو بھی اپنا کردار مزید مؤثر بنانا ہوگا۔

تقریب سے صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی ظہور احمد بلیدی، ربابہ بلیدی اور روشن خورشید بروچہ نے بھی خطاب کیا اور ایس او ایس چلڈرن ویلیج کی فلاحی خدمات کو سراہا۔

تقریب میں وائس چانسلر سردار بہادر خان وویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید، پروفیسر فرخندہ اورنگزیب، لی پوش کے سربراہ شان گچکی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران یتیم اور مستحق بچوں اور بچیوں کی فلاح و بہبود، تعلیم، تربیت اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے خدمات انجام دینے والے افراد اور پروگرام کے شرکاء میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔