آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کے تحت اکاؤنٹبلٹی لیب کے تعاون سے 'فیکلٹی ممبران کو تنازعات کی روک تھام اور امن کے قیام کی ترغیب دینے' کے لیے پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔
پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینڈ کمرشلائزیشن پروفیسر ڈاکٹر عالیہ رحمن کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے ذریعے اساتذہ جو بھی تربیت پائیں گے وہ یقینی طور پر طلبہ کو مثبت سمت میں لے کر جائے گی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ جرمیات کی چیئرپرسن ڈاکٹر فرح اقبال کا کہنا تھا کہ امن کا قیام تنازعات کی روک تھام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ان دونوں باتوں کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔
بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے رجسٹرار لیفٹیننٹ کرنل (ریٹائرڈ) عدنان عابد نے امن کی بحالی سے متعلق اہم امور پر روشنی ڈالی۔ سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ولی الدین کا کہنا تھا کہ میں پچھلے 20 سالوں سے بطور فیکلٹی ممبر اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہوں۔ یہ ایک ایسا موضوع ہے جو فیکلٹی ممبران کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کرسکتا ہے۔
تقریب کے مہمان اعزازی قائم مقام وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد عراقی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر جامعہ کراچی میں قائم کیے گئے کامیاب جوان ٹرینگ ہال کا افتتاح کیا۔
تقریب کے اختتام پرمقررین کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔