نابینا افراد کا مختص کوٹے پر سرکاری ملازمتیں نہ ملنے پر احتجاج


نابینا افراد  کا مختص کوٹے  پر سرکاری ملازمتیں نہ ملنے پر احتجاج

کراچی سمیت  سندھ بھر سے تعلق رکھنے والے نابینا افراد مختص کوٹے  پر سرکاری ملازمتیں نہ ملنے پر احتجاج کرتے ہوئے سندھ اسمبلی جا پہنچے۔ مظاہرین کہتے ہیں کہ تعلیم یافتہ اور ہنر مند ہونے کے باوجود کئی برس سے سندھ حکومت ملازمتیں نہ دے کر زیادتی کر رہی ہے۔

تین روز تک کراچی پریس کلب پر احتجاج کیا۔بات نہ بنی مطالبات منوانے سندھ اسمبلی جا پہنچے ۔۔۔

مختص  کوٹہ پر  سرکاری ملازمتیں  نہ ملنے پر سندھ سے تعلق رکھنے والے  نابینا افراد کا احتجاج مسلسل چوتھے روز بھی جاری رہا۔ہاتھوں میں تعلیمی اسناد اور دیگر سرٹیفیکٹ  لے کر احتجاج پر آئے نابینا افراد چیف سیکریٹری یا وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کرانے کا مطالبہ کرتےرہے۔

مظاہرین نے دعویٰ کیا کہ مسلسل احتجاج کے بعد بھی جس سیکریٹری سے ملاقات کرائی گئی ، ہمیں ملازمتیں دینا اس کے اختیار میں  نہیں۔الزام لگایا کہ کئی سال سے ہماری حق تلفی کی جارہی ہے ۔

سراپا احتجاج بنے نابینا افراد  کو پولیس افسران بھی  وقتا فوقتامنانے اور احتجاج ختم کرانے کی کوششیں کرتے رہے۔مظاہرین  نے سرکاری ملازمتیں نہ ملنے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔