کراچی پھر تھورڑی ہی دیر کی بارش سے پانی پانی ہوگیا۔ ضلع وسطی میں شاہراہ عثمان اور شادمان ٹاون میں نالے ابل پڑے۔ شادمان میں گاڑی نالے میں پھنس گئی۔ یوپی موڑ، ناگن چورنگی اور اطراف کی سڑکیں تالاب بن گئیں۔ شہر میں منگل تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کو دوسرے روز بھی تیز ہواوں کے ساتھ بارش ہوئی۔ ضلع وسطی پر چھائے بادل زیادہ کھل کر برسے۔
یوپی موڑ، ناگن چورنگی اور اطراف میں تیز بارش کے بعد سڑکیں ندی نالے کا منظر پیش کرنے لگیں۔ لبالب پانی میں لوگوں کی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں جواب دے گئیں۔
شاہراہ عثمان پر نالہ اوور فلو ہونے سے نالے کا پانی برساتی پانی میں شامل ہوگیا۔ شادمان ٹاون ایک نمبرمیں بارش کے بعد نالہ بپھرا ،، تو گاڑی نالےمیں پھنس گئی ۔
شہریوں نے مل کر بمشکل گاڑی کو نالے سے نکالا ۔ متاثرہ گاڑی کو نقصان پہنچا،، تاہم سوار محفوظ رہا۔ نیو کراچی سے سہراب گوٹھ جانےوالا ٹریک بھی ندی نالا بن گیا۔
عزیزآباد ، دستگیر ، گلبہار، لیاقت آباد اور ناظم آباد اور اطراف میں تیز بارش ہوئی، ، اور سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔ ،ملیر،گلستان جوہر، ایئرپورٹ ، کورنگی ایکسپریس وے میں بھی بادل برسے اور سڑکیں لبالب ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے شہر میں منگل تک گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔