نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد نیاز سے قومی کمیٹی برائے زچگی اور نوزائیدہ صحت (این سی ایم این ایچ) کے وفد کی ملاقات
ملاقات میں سیکرٹری صحت سہیل قریشی، این سی ایم این ایچ کی ڈاکٹر سعدیہ احسن پال، ڈاکٹر عذرا احسن اور ڈاکٹر مریم وقاص کی شرکت
نگراں وزیر صحت کو باخبر نوجوان آن لائن کورس سے متعلق تفصیلی بریفنگ
کراچی نگراں وزیر صحت، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و سماجی بہبود سندھ ڈاکٹر سعد نیاز سے قومی کمیٹی برائے زچگی اور نوزائیدہ صحت (این سی ایم این ایچ) کی ڈاکٹر سعدیہ احسن، ڈاکٹر عذرا احسن اور ڈاکٹر مریم پر مشتمل وفد نے انکے دفتر میں ملاقات کی۔
اس موقع پرسیکریٹری صحت سندھ سہیل قریشی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں نگراں وزیر صحت کو ایسوسی ایشن فار مدرز اینڈ نیو بورنز (AMAN) کے اشتراک سے باخبر نوجوان آن لائن کورس سے متعلق وفد نے تفصیلی بریفنگ دی۔
وفد نے بتایا کہ باخبر نوجوان کورس زندگی کے مختلف معاملات کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کا ایک پلیٹ فارم ہے جو کسی کو بھی فرد کو اپنی صحت اور بہبود کے لیے باخبر انتخاب کرنے اور کمیونٹی کے ذمہ دار و بااختیار رکن بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ این سی ایم این ایچ نے 29 سال مکمل کر لیے ہیں اور ایسوسی ایشن فار مدرز انڈ نیو بورنز (AMAN) کے اشتراک سے تیار کردہ باخبر نوجوان آن لائن کورس میں 26 ماڈیولز ہیں جو 15 سے 29 سال کی عمر کے گروپوں میں شعور کو بڑھاتے ہیں، کورس کے ذریعے نوجوان خاندانی منصوبہ بندی، چائلڈ لیبر، بچوں کی شادی، ہنگامی مانع حمل ادویات اور سروائیکل کینسر سے ویکسینیشن کے ذریعے بچاؤ کو سیکھ اور انکی جانچ کرسکتے ہیں۔
وفد نے بتایا کہ وفاقی ادارہ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشن اینڈ کوآرڈینیشن پہلے ہی باخبر نوجوان کورس کی توثیق کرچکا ہے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے اس کورس کی توثیق ابھی باقی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ این سی ایم این ایچ نے بین الاقوامی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سے باخبر نوجوان پروگرام کو اردو اور سندھی زبان میں ترجمہ کرنے کے لیے تعاون مانگا ہے۔
انہوں نے صوبے میں دوران زچگی ماں اور بچے کی اموات کی شرح پر بھی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خواتین کی دوران زچگی فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات اور دیکھ بھال معیار کے مطابق نہیں ہے، تاہم این سی ایم این ایچ نے زچگی اور اس کے بعد کے مراحل یا غفلت کے باعث اموات سے متعلق معلومات اپنی ویب سائیٹ پر ڈال دی ہیں۔
نگراں وزیر صحت کو بتایا گیا کہ اگلے مرحلے میں نادرا کی جانب سے نکاح نامہ کے اندراج اور توثیق کے موقع پر اس آن لائن کورس کی تکمیل کی سند پیش کیے جانے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر نگراں وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے باخبر نوجوان کورس کو سب سے پہلے میڈیکل اسکولوں میں لازمی قرار دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں کو عملی زندگی میں آنے سے پہلے ان موضوعات سے آگاہ کیا جانا انتہائی ضروری ہے جبکہ خواتین کے کلینکس اور خواتین کی صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ وہ علاج کے ساتھ چھاتی کے کینسر، خاندانی منصوبہ بندی، تولیدی صحت سے متعلق بھی آگاہی فراہم کریں،
مزید یہ کہ صحت کی سہولیات میں ایل ای ڈیز کے ذریعے علاقائی زبانوں میں خاندانی منصوبہ بندی، مختلف قسم کی بیماریوں کی اسکریننگ، غذائیت، چھاتی کے کینسر سے متعلق معلومات دکھائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کورس ہر اس مرد، عورت، نوجوان اور بالغ کے لیے ہے جو زندگی کے بارے میں بنیادی سمجھ حاصل کرنا چاہتا ہے۔