نئے کینالز پر 211 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، یہ رقم ماڈرن ٹیکنالوجی اور انوویشن پر خرچ کر کے چولستان کے پانی کا مسئلہ حل کیا جائے ، بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ
سکھر ترجمان سندھ حکومت و میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے پانی کی تقسیم ناقابل قبول ہے ، سندھ کے حصے کےپانی پر پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کا واضح موقف ہے کہ سندھ کے پانی پر کوئی سودے بازی نہیں ہوگی اور نہیں پانی کی تقسیم برداشت کریں گے ۔
میئر ہاؤس سکھر پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ کا بچہ بچہ با خبر ہےکہ کالا باغ ڈیم ہو چاہے کریٹر تھل کینال ،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے کموں شہید پر پاکستان پیپلز پارٹی کا سندھ کے پانی کے معاملے پر اصولی موقف دے دیا تھا ۔
پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی اسٹینڈ لے کر کھڑی ہے لیکن سوشل میڈیا پر یہ تاثر عام کیا جا رہا ہے کہ شاید پاکستان پیپلز پارٹی کینال کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان کے لوگ ہمارے لوگ ہیں ہم ان کی خوشحالی چاہتے ہیں ، لیکن اس کا یہ طریقہ کار نہیں کہ سندھ کے پانی پر کینال بنائے جائیں ۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئینی اور جمہوری طریقہ اختیار کرے گی ، دھرنا غیر جھموری لفظ ہے، پاکستان کی معیشت کو احتجاجوں اور دھرنوں کی وجہ سے ناتلافی نقصان پہنچا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ارسا ایکٹ میں پانی کے معاملے پر تنازعات حل کرنے کا پورہ طریقہ کار موجود ہے ، آئین کے آرٹیکل 153 سے 155 تک پروسیجر دیا گیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مشترکہ مفادات کونسل میں اس معاملے پر احتجاج ریکارڈ کروایا ہے
اگر اس پر سنوائی نہیں ہوئی تو مجلس شوریٰ کے مشترکہ اجلاس کے فورم سے رجوع کریں ، اگر وہاں مسئلہ حل نہیں ہوا تو آئینی عدالت کا فورم موجود ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر پاکستان پیپلز پارٹی عوامی عدالت بھی لگائے گی ، ہم یہ ہر گز نہیں ہونے دیں گے کہ سندھ کی زمینیں بنجر ہوں ۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ارسا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی سے متفقہ قرارداد منظور کرائی ، جس پر ہم متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے مشکور ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ چولستان کی خوشحالی اور وہاں کے لوگوں کو پینے کے پانی فراہم کرنے کے جدید طریقے اپنائے جائیں ۔
ہم مریم نواز صاحبہ کے پنجاب میں مصنوعی بارش کے تجربہ کو سراہتے ہیں ۔ چولستان کے پانی کا مسئلہ انوویشن اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر کے حل کیا جا سکتا ہے ، ہم نے دیکھا ہے کہ بارشوں سے پنجاب ڈوب جاتا ہے ، اس پانی کو محفوظ کیا جائے ، ویسٹ واٹر کو ٹریٹ کر کے زرعی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کینالز پر 211 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ، یہ رقم ماڈرن ٹیکنالوجی اور انوویشن پر خرچ کر کے چولستان کے پانی کا مسئلہ حل کیا جائے ۔
انہوں نے وفاق اور پنجاب حکومت کو تھر کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چولستان کی طرح تھر کی بھی یہی صورتحال تھی ، لیکن سندھ حکومت نے تھر میں کول پروجیکٹ لگا کر خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے ، تھر میں پینے کے صاف پانی کے فلٹر پلانٹس لگائے ہیں ، اور سمال ڈیمز کے ذریعے تھر میں زراعت کو فروغ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے پاس پانی کا ایک ہی ذریعہ ہے ، اور 1991 کے پانی کے معاہدے پر بھی عمل نہیں کیا جا تا ۔ سندھ نے ہمیشہ قربانی دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ہے جس کا یہ ہرگز مقصد نہیں کہ سندھ کے پانی پر سودے بازی کریں گے ۔