کراچی صوبائی وزیر توانائی، ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صوبہ کے تمام سرکاری اسکولوں کو بتدریج سولرائیزڈ کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی پرائیویٹ اسکولوں کو بھی سولرائیزڈ کرنے کیلئے ہر ممکناً تعاون و مدد کی جائے گی تاکہ اسکولوں کے بچے اپنی تعلیم اور امتحانات پرسکون ماحول میں جاری رکھ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج ڈائریکٹریٹ پرائیویٹ اسکولز ایجوکیشن سندھ اور آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایجوکیشن کی جانب سے پیغام پاکستان۔ استحکام پاکستان کے عنوان سے پی اے ایف میوزیم میں آل سندھ سائنس اینڈ آرٹس گالا میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر چیف آرگنائیزر پیغام پاکستان سندھ علامہ سجاد تنولی، چیئرمین آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن سید ھیدر علی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز رافعہ جاوید کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیر توانائی ناصر حسین شاہ نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اسکولوں کے بچوں کو پاکستانی تاریخ اور مثبت آگاہی اساتذہ کی بنیادی ذمہ داری ہے ، مستقبل کے معماروں کو آج کا پیغام استحکام پاکستان ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت کے ساتھ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو کا وژن بھی یہی ہے کہ تعلیم عام کی جائے اور اس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ اساتذہ بچوں کو آگاہ کریں کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ حالات دن بدن بہتر ہوتے جارہے ہیں، روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جارہے ہیں۔ سرمایہ کاری میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، ناصرف ملکی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کار اچھے اور پرامن حالات دیکھ کر سرمایہ کاری کیلئے حکومت سے رجوع کررہے ہیں۔ سندھ حکومت گرمیوں میں لوڈشیڈنگ اور زائد بلنگ کا خاتمہ کرنے کیلئے اقدامات میں مصروف ہے۔ صارفین کو سستی بجلی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ ملک کی امن، استحکام اور دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے ہماری مسلح افواد، رینجرز، پولیس کے نوجوانوں کی روز شہادتیں ہورہی ہیں، روز مائیں ملک و قوم کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کے جنازے اٹھارہی ہیں۔ آخر میں ناصر حسین شاہ مقابلے میں جیتنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے اور اپنی جیب سے کیش رقوم بھی بطور انعامات بچوں کو دیئے ۔