سندھ حکومت نے منافع خوروں کے خلاف کارروائی کیلئے الگ تھانے بنانے کا فیصلہ کرلیا.
کراچی سندھ حکومت نے منافع خوروں کے خلاف کارروائی کیلئے تھانے بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے. اس سلسلےمیں وزیراعلیٰ سندھ کےمعاونین وقارمہدی اور عثمان ہنگورو کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے تمام اضلاع میں منافع خوروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے.اجلاس میں معاون خاص بیورو آف سپلائی عثمان ہنگورو نے کہا کہ منافع خوروں کےخلاف کارروائی کیلئے تھانوں کےقیام کا فیصلہ کیا ہے، تھانوں میں محکمہ بیورو آف سپلائی اور پولیس کا علمہ شامل ہوگا. انہوں نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں استحکام لانا اور ذخیرہ اندوزی روکنا چاہتے ہیں، اس کے علاوہ تمام گوداموں کو رمضان سے پہلے رجسٹرڈ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، بچت بازاروں میں خصوصی اسٹال اور پھلوں کی مقررہ قیمتوں کو یقینی بنایا جائے جب کہ سبزی منڈیوں کے کولڈ اسٹوریج رجسٹرڈ اور ان کی نگرانی کی جائے گی۔ معاون خصوصی چیف منسٹر انسپکشن ٹیم وقار مہدی کا کہنا تھا کہ نئے تھانے سندھ میں منافع خوروں کے خلاف کارروائی کرنے کے مجاز ہوں گے، صوبے بھر کی مارکیٹوں کی نگرانی کے لیے خصوصی ڈیوٹیاں لگانے کی ہدایت کردی ہے.