لاڑکانہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ کی ہدایات پر چانڈکا میڈیکل کالج لاڑکانہ میں یومِ تشکر منایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی جانب سے یومِ تشکر کے سلسلے میں یہ دن منایا گیا۔ دن کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ کی جانب سے قومی پرچم کشائی کے ساتھ کیا گیا۔ بعد ازاں یومِ تشکر واک کا انعقاد کیا گیا جو چانڈکا میڈیکل کالج کے ایڈمنسٹریشن بلاک سے شروع ہوکر کالج کے مرکزی گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔
واک میں فیکلٹی، افسران اور طلباء نے ہاتھوں میں "پاک فوج زندہ باد" کے پلے کارڈز اور پاکستانی جھنڈے اٹھا رکھے تھے۔
واک کے اختتام پر ایک جوشیلی تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے کہا کہ میں نے 1965 کی جنگ دیکھی ہے، میں آپ سب کو فتح کی مبارکباد دیتی ہوں۔ قوم کا جذبہ اور افواجِ پاکستان کا حوصلہ دیکھنے کے قابل تھا۔ ہمارا سر فخر سے بلند ہے کیونکہ ہم ایک ایٹمی قوت ہیں اور اس کا سارا کریڈٹ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو جاتا ہے جنہوں نے کہا تھا کہ ہم گھاس کھائیں گے لیکن ایٹم بم ضرور بنائیں گے
۔ ہمارے پاس سب سے بڑی طاقت ایمان کی طاقت ہے۔ «آپریشن بنیان مرصوص» کی طرح پاک افواج اور پاکستانی قوم ایک سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی۔ ہم پاک فضائیہ اور پوری افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ضمیر احمد سومرو نے کہا کہ یہ دراصل کئی سالوں پر محیط جنگ تھی جس میں دشمن نے کبھی ففتھ جنریشن وارفیئر کے ہتھیار استعمال کیے، کبھی دہشتگردی کے ہتھیار، اور کبھی مسلح جنگ۔ مگر پاک فوج نے سالوں کی جنگ چند گھنٹوں میں جیت لی۔ پاک فوج ہمارا فخر ہے، بطور قوم آج ہمارا سر بلند ہے۔
وائس پرنسپل ڈاکٹر فوزیہ چانڈیو نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنی فوج پر یقین تھا اور رہے گا، تبھی تو ہم اپنے گھروں میں پُرسکون تھے کیونکہ ہمیں معلوم تھا کہ ہماری بہادر فوج سرحدوں پر موجود ہے۔
تقریب میں رجسٹرار پروفیسر فہد جبران سیال، ڈین پروفیسر محمد حنیف شیخ، پرنسپل غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر پروفیسر رفیق احمد شیخ، پرنسپل بی بی آصفہ ڈینٹل کالج پروفیسر قائم الدین شیخ، ڈائریکٹر اکیڈمک پروفیسر شاہد حسین سومرو، پروفیسر سعید احمد شیخ، ڈائریکٹر میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر سارہ فاطمہ، چیف لائبریرین ممتاز علی بُرڑو، سیکیورٹی انچارج سلطان احمد بھٹو، فیکلٹی، افسران اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔