کراچی کے پوش علاقوں میں جعلی سرکاری اور پولیس نمبر پلیٹس لگی گاڑیوں کے خلاف بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کی زیر صدارت اجلاس میں منشیات فروشوں اور جعلی نمبر پلیٹ استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔..
کراچی کے پوش علاقوں میں قانون شکن عناصر کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں شعبہ آپریشن اور انویسٹی گیشن کے افسران شریک ہوئے۔اجلاس میں منشیات کے سپلائرز، جعلی سرکاری نمبر پلیٹس، اور کالے شیشے والی گاڑیوں کے خلاف مربوط اور فیصلہ کن ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے ایس ایس پیز کو منشیات کے اڈوں پر براہِ راست چھاپے مارنے کا حکم دے دیا ہے، جب کہ ایس ایچ اوز کو روزانہ اٹھارہ گھنٹے فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایس ایچ اوز کی کارکردگی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کی جائے گی، اور ناقص کارکردگی پر افسران کے خلاف کارروائی ہو گی۔ڈی آئی جی ساؤتھ نے جعلی نمبر پلیٹ، کالے شیشے والی گاڑیوں اور سرکاری گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران لیڈی سرچرز کو ساتھ رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔۔۔