انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کراچی میں پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر معرکۂ حق کے عنوان سے رنگا رنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ ان تقریبات کا مقصد آزادی کی اہمیت، حب الوطنی کے جذبے اور پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا تھا۔ یہ سلسلہ چار اگست سے شروع ہوا اور چودہ اگست تک جاری رہا، جس میں آئی بی اے کے اساتذہ، طلبہ، فارغ التحصیل اراکین اور خصوصی شرکاء نے بھرپور حصہ لیا۔
سرگرمیوں کا آغاز قومی نغموں، شاعری اور حب الوطنی کے پیغامات پر مشتمل خصوصی ویڈیو کی تیاری سے ہوا، جس کے بعد بیجز کی تقسیم نے کیمپس میں اتحاد اور جوش و خروش کا ماحول پیدا کیا۔ چھ اگست کو آزادی کا سبز پیغام شجر کاری مہم کے تحت مقامی اور پھل دار پودے لگائے گئے جن میں انتظامیہ سے لے کر معاون عملے تک ایک سو دس سے زائد افراد شریک ہوئے۔ سات اگست کو پاکستان کی تاریخ اور اہم مواقع پر کوئز مقابلہ ہوا جبکہ آٹھ اگست کو قومی نغموں کے مقابلے نے ماحول کو مزید پرجوش بنا دیا۔
نو اگست کو منی میراتھن کا انعقاد کیا گیا جس میں پانچ کلومیٹر اور ایک کلومیٹر دوڑ کے مقابلے ہوئے اور شرکاء نے پاکستان سے محبت کے جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ گیارہ اگست کو پینٹنگ مقابلہ ہوا جس میں ساٹھ فنکاروں نے اپنے فن کے ذریعے حب الوطنی کا اظہار کیا۔ بارہ اگست کو ثقافت پاکستان کے نام سے دن منایا گیا، جس میں صوبائی روایتی لباس، موسیقی اور دستکاری کو پیش کیا گیا۔ تیرہ اگست کو بانی پاکستان محمد علی جناح کی زندگی پر مبنی فلم جناح کی نمائش ہوئی۔اختتامی دن چودہ اگست کو پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، کھیلوں کے فائنل میچز کھیلے گئے، کیک کاٹا گیا اور اساتذہ، طلبہ و عملے کے لیے ناشتے کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر آئی بی اے کی قیادت نے اتحاد، حب الوطنی اور پاکستان کی خوشحالی کے پیغامات پیش کیے۔
آئی بی اے کراچی کے مطابق یہ تقریبات نہ صرف یوم آزادی کا جشن منانے کا موقع ہیں بلکہ نوجوانوں میں قومی شعور، یکجہتی اور ثقافتی فخر کو فروغ دینے کا بھی ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔