پنجاب میں 27 اگست تک بارشوں سے درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

پنجاب میں 27 اگست تک بارشوں سے درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ

پنجاب میں 27 اگست تک بارشوں سے درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری



لاہور: پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث 27 اگست تک مختلف دریاؤں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق شمالی اور شمال مشرقی اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔


دریائے جہلم، راوی، ستلج اور ان کے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، جبکہ دریائے چناب میں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 26 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔


ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد 90 ہزار کیوسک اور اخراج 80 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ تونسہ، کالاباغ اور چشمہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ نارووال کے نالہ بسنتر میں بھی نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔


ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دریاؤں کے پاٹ میں موجود علاقوں سے فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور فلڈ ریلیف کیمپس قائم کیے جا چکے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ سے تعاون کریں اور اپنی و اہل خانہ کی حفاظت کو ترجیح دیں۔