وزیراعظم شہباز شریف کا تیانجن یونیورسٹی میں خطاب، پاک چین دوستی پر زور
تیانجن (چین) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے چین کے دورے کے دوران تیانجن یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی طلبہ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین میں زیرتعلیم پاکستانی طلبہ اپنے ملک کے سفیر ہیں اور ان کی کامیابی پاکستان کی شناخت ہے۔
وزیراعظم نے پاک چین تعلقات کو تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم دنیا کا پہلا ملک تھا جس نے عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کیا۔ انہوں نے شاہراہ قراقرم کو دونوں ممالک کی دوستی کی علامت اور علامہ اقبال کی چین کی ترقی سے متعلق پیشگوئی کو دور اندیشی کی مثال قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ غربت کے خاتمے اور مشترکہ خوشحالی کا صدر شی جن پنگ کا وژن پاکستان کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے اور حکومت ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔
وزیراعظم نے تیانجن یونیورسٹی کو علم و دانش کی بہترین درسگاہ قرار دیا اور بتایا کہ 200 سے زائد پاکستانی طلبہ یہاں زیرتعلیم ہیں۔ انہوں نے 2017 میں اپنے پہلے دورے کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی میں موجودگی ان کے لیے باعث فخر ہے۔