وزیراعظم شہباز شریف کا ایس سی او اجلاس سے خطاب: دہشتگردی، علاقائی امن اور تعاون پر زور

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

وزیراعظم شہباز شریف کا ایس سی او اجلاس سے خطاب: دہشتگردی، علاقائی امن اور تعاون پر زور

وزیراعظم شہباز شریف کا ایس سی او اجلاس سے خطاب: دہشتگردی، علاقائی امن اور تعاون پر زور


تیانجن  وزیراعظم شہباز شریف نے چینی شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خطے میں دہشتگردی، انتہا پسندی، علاقائی امن، ترقی اور باہمی تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے جعفر ایکسپریس حملے میں بیرونی عناصر کے ملوث ہونے کے شواہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔


وزیراعظم نے کہا کہ دنیا اب دہشتگردی کے بیانیے کو قبول نہیں کرے گی اور سیاسی مفاد کے لیے ریاستی دہشتگردی کرنے والے باز رہیں۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی قربانیوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے صرف اپنے لیے نہیں بلکہ پورے خطے اور دنیا کے لیے قربانیاں دی ہیں۔


وزیراعظم نے سی پیک کو پاکستان اور چین کے درمیان ایک اہم منصوبہ قرار دیا اور پانی تک بلا رکاوٹ رسائی کو ایس سی او کے مقاصد کو مستحکم کرنے کا ذریعہ بتایا۔ انہوں نے نوجوان نسل کو بااختیار بنانے، جامع ٹیکس اصلاحات، اور بین الاقوامی معاہدوں کے احترام کو پاکستان کی پالیسی کا حصہ قرار دیا۔


غزہ میں جاری ظلم و بربریت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیراعظم نے دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ گھناؤنے جرائم کے ذمہ داروں کو جواب دہ ہونا ہوگا۔ انہوں نے ایران پر اسرائیل کی بلاجواز جارحیت کو ناقابل قبول قرار دیا اور افغانستان میں امن و استحکام کی خواہش کا اظہار کیا۔


وزیراعظم نے ازبکستان اور کرغزستان کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور سہ فریقی تعاون کو مستقبل میں مثبت نتائج کا ذریعہ قرار دیا۔ انہوں نے چین کی کامیابی کو صدر شی جن پنگ کی بصیرت افروز قیادت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے بہترین میزبانی پر چین کا شکریہ ادا کیا۔


وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کثیرالجہتی، مکالمے اور سفارتکاری کی طاقت پر یقین رکھتا ہے اور ایس سی او کے اصولوں کے تحت باہمی اعتماد اور مفاد کے فروغ کیلئے پرعزم ہے