ملک کے بڑے دریاؤں میں سیلابی صورتحال سنگین

چہرہ ڈیسک چہرہ ڈیسک

ملک کے بڑے دریاؤں میں سیلابی صورتحال سنگین

ملک کے بڑے دریاؤں میں سیلابی صورتحال سنگین، دریائے چناب، راوی، ستلج اور سندھ میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند




 

ملک کے مختلف دریاؤں میں سیلابی صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق دریائے چناب میں تریموں کے مقام پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جہاں پانی کا اخراج 4 لاکھ 86 ہزار کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔ ہیڈ مرالہ پر معمول کا بہاؤ جاری ہے، جبکہ ہیڈ خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ میں نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔


دریائے راوی میں بھی صورتحال سنگین ہے۔ بلوکی اور سدھنائی کے مقامات پر بہت اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا اخراج بالترتیب 1 لاکھ 37 ہزار اور 1 لاکھ 16 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ جسڑ اور شاہدرہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، دونوں جگہوں پر پانی کا بہاؤ 53 ہزار کیوسک ہے۔


دریائے سندھ میں گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ سکھر بیراج پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 31 ہزار کیوسک جبکہ کوٹری بیراج پر 2 لاکھ 44 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔


دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے، جہاں پانی کا اخراج 2 لاکھ 53 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔ ہیڈ سلیمانکی پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 24 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔


محکمہ موسمیات اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے اور ممکنہ انخلا کے لیے تیار رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ امدادی ادارے الرٹ پر ہیں اور متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات جاری ہیں۔