پاک افغان سرحد پر افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کا بھرپور جواب
اسلام آباد
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کی جانب سے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جس پر پاک فوج نے فوری، شدید اور مؤثر جوابی کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق افغان فورسز نے انگور اڈا، باجوڑ، کرم، دیر، چترال اور بارام چاہ کے علاقوں میں فائرنگ کی، جس کا مقصد مبینہ طور پر خوارج کی تشکیلوں کو پاکستانی حدود میں داخل کرنا تھا۔ تاہم، پاکستانی فوج کی چوکس اور مستعد پوسٹوں نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے افغان حملہ آوروں کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔
جوابی کارروائی میں پاک فوج نے متعدد افغان چیک پوسٹوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں افغانستان کی کئی بارڈر پوسٹیں تباہ ہو گئیں۔ ذرائع کے مطابق درجنوں افغان فوجی اور خارجی ہلاک ہوئے، جبکہ طالبان اہلکار اپنی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ متعدد مقامات پر لاشیں بکھری ہوئی دیکھی گئیں۔
یہ جارحیت ایک ایسے وقت میں کی گئی جب افغان وزیر خارجہ بھارت کے دورے پر ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔