پنجاب میں ٹیکنالوجی پر مبنی جھینگوں کی افزائش، آبی زراعت اور ویلیو چین کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ جھینگوں کی افزائش کے تحقیقی منصوبے کے کامیاب تجربے کے بعد صنعت کا آغاز ہو گیا ہے، جو سائنسی تحقیق پر مبنی ایک اہم کامیابی ہے اور صوبے میں بلیو اکانومی کے نئے دور کا آغاز ہے۔
منصوبے میں ایکوا مالز، پروسیسنگ پلانٹس، کولڈ اسٹوریج اور مربوط ٹرانسپورٹ چین شامل ہیں۔ مارچ تک مظفرگڑھ اور سرگودھا میں 5 ہزار 300 ایکڑ پر مشتمل جھینگا اسٹیٹس قائم کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ یہ منصوبہ عالمی تحقیق و ترقی اور جدید آبی زرعی ٹیکنالوجی سے تیار ہوا ہے، جس میں یو اے ای، سعودی عرب، تھائی لینڈ، ایکواڈور، آسٹریلیا اور میکسیکو کی معاونت لی گئی ہے۔
مریم نواز کے مطابق منصوبے کے لیے مشینری موجود ہے اور ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں۔ مزید 2 ہزار 600 ایکڑ کے لیے فیزیبلٹی اسٹڈی جاری ہے اور اگلے سال کے آغاز میں کسانوں کے لیے منصوبے کو حتمی شکل دی جائے گی۔