سندھ میں پہلی بار سرکاری اسکولز کو انتظامی طور پر مضبوط بنانے کی طرف اہم قدم، اسکول اسپیسفک بجٹ کے تحت 18 ارب 63 کروڑ روپے جاری۔
کراچی سے بڑی خبر، سندھ حکومت نے سرکاری اسکولز کو انتظامی طور پر بااختیار بنانے کے لیے تاریخی اقدام اٹھایا ہے۔ "اسکول اسپیسفک بجٹ" کے تحت صوبے کے سرکاری اسکولز کو 18 ارب 63 کروڑ روپے جاری کر دیے گئے ہیں۔وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ اسکولز کو پیسے جاری ہو چکے ہیں اور سول سوسائٹی کو نگرانی میں ساتھ دینا ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ اب ہیڈماسٹرز اور پرنسپل کے پاس مالی اختیارات موجود ہیں، وہ کسی دباؤ میں آئے بغیر اسکول کے مسائل حل کریں۔بجٹ ملنے کے بعد اسکولز میں مرمت و دیکھ بھال، فرنیچر کی خریداری، واش فیسلٹی، اسٹیشنری اور دیگر ضروری کام ہیڈماسٹرز خود کروا سکیں گے۔وزیر تعلیم نے امید ظاہر کی کہ اسکول سربراہان اداروں کی بہتری کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ اس اقدام کو سندھ میں تعلیم کے شعبے کو مضبوط بنانے کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے سندھ حکومت کے اس فیصلے سے توقع کی جا رہی ہے کہ سرکاری اسکولز میں سہولیات بہتر ہوں گی اور طلبہ کو معیاری تعلیم کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔