اسلام آباد: ڈپلومیٹک انکلیو میں وزیر اعلیٰ اور گورنر بلوچستان کے لیے مہمان خانہ تعمیر کرنے کے کیس میں سپریم کورٹ نے تعمیراتی کمپنی کی درخواست خارج کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی کارروائی سے متاثر ہوئے بغیر ٹرائل کورٹ فیصلہ کرے۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ معاملہ ثالثی کے لیے ٹرائل کورٹ میں زیر التوا ہے، حکومت کہیں بھاگ نہیں رہی بلکہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک گارنٹی کی آخری تاریخ 30 جون ہے۔ عبوری حکومت جلدی میں ہوگی اور تختی لگا دی ہوگی، جبکہ ویسے بھی بڑے سرمایہ دار اس منصوبے کے پیچھے ہوتے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اس معاملے پر حکمِ امتناع بھی دیا تھا۔ کمپنی نے جتنے اخراجات کیے ہیں، وہ معاملہ ٹرائل کورٹ کو ہی طے کرنے دیں۔
کنسٹریکشن کمپنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے منصوبے کا افتتاح کیا تھا لیکن بعد میں منصوبے کی تعمیر کا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا گیا۔ وکیل نے کہا کہ آلات کی موبلائزیشن کے لیے ایڈوانس گارنٹی بھی جمع کرائی گئی تھی۔