اسلام آباد ہائیکورٹ نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی-21 سے متعلق الیکشن کمیشن کا 26 فروری کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
جسٹس انعام امین منہاس نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ یہ حکم صالح بھوتانی کی درخواست پر دیا گیا، جس میں انہوں نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی اور انتخابی نتائج کو غیر قانونی قرار دینے کی استدعا کی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق، عدالت کے حکمِ امتناع کے باوجود دوبارہ گنتی اور نتائج کی تیاری کا عمل جاری رکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 25 فروری کو دوبارہ گنتی کا حکم بغیر کسی ٹھوس وجہ کے جاری کیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی بی-21 بلوچستان میں دوبارہ گنتی روکنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد اب الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔