کراچی سوامی نارائن مندر میں اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب

جیوتی مہیشوری جیوتی مہیشوری

کراچی سوامی نارائن مندر میں اجتماعی شادیوں کی پروقار تقریب


کراچی (8 مئی 2026) — کچھی مہیشوری لیگ کے زیرِ اہتمام سوامی نارائن مندر میں “سموہک وواہ اتسو” (اجتماعی شادیوں) کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں سندھ اسمبلی کے رکن، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی۔


اس موقع پر ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے محکمہ اقلیتی امور حکومتِ سندھ کی جانب سے 14 نو بیاہتا جوڑوں میں مالی معاونت کے چیکس تقسیم کیے اور انہیں خوشحال ازدواجی زندگی کے لیے نیک تمناؤں سے نوازا۔


تقریب کے شرکاء

تقریب میں دولہا و دلہن کے والدین، عزیز و اقارب، مہیشوری برادری کے معززین، مختلف پریواروں کے افراد، سماجی و سیاسی شخصیات سمیت مہاراج رام ناتھ مشرا مہاراج، سابق رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما، مہیش راجا منگلانی، جواہر لال آڈوانی اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔

ڈاکٹر شام سندر آڈوانی کا خطاب

اپنے خطاب میں ڈاکٹر شام سندر آڈوانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت، وزیرِ اعلیٰ سندھ اور محکمہ اقلیتی امور ہمیشہ اقلیتوں کی خوشیوں اور مشکلات میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نو بیاہتا بچیوں کو دیے جانے والے مالی معاونتی چیکس حکومتِ سندھ کی اقلیت دوست پالیسی کا عملی ثبوت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا:

“یہ دلہنیں صرف اپنے والدین کی ہی نہیں بلکہ میری بھی بیٹیاں ہیں، اور مجھے یقین ہے کہ یہ جس گھر میں جائیں گی وہاں محبت، خوشحالی اور ترقی کے چراغ روشن کریں گی۔”


منتظمین کو مبارکباد

ڈاکٹر آڈوانی نے تقریب کے منتظمین، خصوصاً ویلجی مہیشوری، لکشمن ڈھیرا مہشوری، کشور اسمل مہشوری، سریش مہیشوری، مکیش مہیشوری، کرشن ہری سیجو، ناراین ڈھیرا، باوا دھیڑا، ویرم آمنہ، دیپک بڑیا، سریش آمنہ، نرمل ڈانیچا، سباش مہیشوری، ساگر مہشوری، مکیش باچڑا اور ان کی پوری ٹیم کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔


انہوں نے کہا کہ آج کے پُرفتن دور میں اپنی برادری اور ضرورت مند خاندانوں کے لیے سوچنا اور عملی اقدامات کرنا نہایت قابلِ تحسین عمل ہے۔ آخر میں انہوں نے کچھی مہیشوری لیگ کو نیک کام جاری رکھنے کی تلقین کی اور محکمہ اقلیتی امور کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔