چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری عامر علی احمد کی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد سے کراچی میں ملاقات؛ ڈیجیٹل والٹس ادائیگیوں اور انٹرآپریبلٹی میکانزم پر تبادلہ خیال*
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے کراچی میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم کے کیش لیس اکانومی وژن کے تحت خواتین بینفشریز کو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادائیگیوں اور انٹرآپریبلٹی میکانزم کے نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔*
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ صدرِ پاکستان کی خصوصی ہدایات اور وزیراعظم کے کیش لیس اکانومی وژن کے تحت بی آئی ایس پی کی خواتین بینیفشریز کو ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادائیگیوں کے نظام پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مفت موبائل سمز کی تقسیم کے عمل کو مزید تیز کیا گیا ہے جبکہ اس حوالے سے آگاہی مہمات کو بھی مؤثر بنایا گیا ہے تاکہ جن مستحق خواتین نے ابھی تک مفت سم حاصل نہیں کی وہ *15 جون 2026* سے پہلے اپنے قریبی بی آئی ایس پی دفاتر سے یہ سہولت حاصل کر سکیں۔
انہوں نے انٹرآپریبلٹی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ نظام مستحق خواتین کو یہ سہولت فراہم کرے گا کہ وہ اپنی ادائیگیاں اپنے پسند کے بینک سے حاصل کر سکیں جس سے آسانی، شفافیت اور مالی شمولیت کو فروغ ملے گا۔
گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے بی آئی ایس پی کے مستحقین کیلئے انٹرآپریبلٹی میکانزم کے نفاذ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈائریکٹر جنرل کیش ٹرانسفرز بی آئی ایس پی محمد ادریس میاں بھی اجلاس میں شریک تھے۔