کراچی: 8 محرم الحرام، سادات امروہہ کا روایتی جلوس عقیدت و احترام سے اختتام پذیر

عرفان علی عرفان علی

کراچی: 8 محرم الحرام، سادات امروہہ کا روایتی جلوس عقیدت و احترام سے اختتام پذیر


کراچی میں 8 محرم الحرام کی مناسبت سے سادات امروہہ کا روایتی جلوس امام بارگاہ شاہ خراسان سے برآمد ہوکر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں واقع امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر بخیر و خوبی اختتام پذیر ہو گیا۔ قبل ازیں، نشتر پارک میں مرکزی مجلس عزا منعقد ہوئی جس سے معروف عالم دین علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کیا اور شہدائے کربلا کے فضائل و مصائب بیان کیے۔

اس جلوس کی سب سے خاص اور نمایاں نشانی پھولوں سے لدے ہوئے علم ہیں جو عزاداروں کی عقیدت کا مرکز سمجھے جاتے ہیں۔ جلوس اپنے روایتی راستوں ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک اور سول اسپتال سے ہوتا ہوا نیپیئر روڈ پر واقع امام بارگاہ بارہ امام پہنچا جہاں علم پر تازہ پھول نچھاور کیے گئے۔ بعد ازاں، جلوس کے شرکاء ایم اے جناح روڈ سے گزرتے ہوئے امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچے جہاں جلوس اختتام پذیر ہوا۔