آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کراچی کی تاریخی کاٹن ایکسچینج بلڈنگ کا قبضہ فوری طور پر کراچی کاٹن ایسوسی ایشن (کے سی اے) اور قانونی کرایہ داروں کے حوالے کیا جائے۔ اپٹما نے عمارت کی مسلسل بندش اور کاروباری سرگرمیوں کے تعطل پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 90 سال سے زائد عرصے سے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرنے والے اس ادارے کی بندش سے ٹیکسٹائل سیکٹر شدید متاثر ہو رہا ہے۔ مزید برآں، عالمی سطح پر نمبر ون رینکنگ رکھنے والی ایچ وی آئی (HVI) لیبارٹری بند ہونے سے انڈسٹری بہترین ٹیسٹنگ کی سہولت سے محروم ہو گئی ہے۔ اپٹما نے زور دیا ہے کہ موجودہ معاشی چیلنجز کے پیشِ نظر عدالتی احکامات کا احترام کیا جائے اور برآمدات بڑھانے والے اداروں کو مضبوط کیا جائے۔