کراچیروٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ 3271 کے نومنتخب ڈسٹرکٹ گورنر شہزاد صابر نے نئے روٹری سال 2026–27 کے باضابطہ آغاز کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دی، گلہائے عقیدت پیش کیے اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس پروقار تقریب میں ان کے ہمراہ فرسٹ لیڈی سمیرا شہزاد، اہلِ خانہ، وائس گورنر پی ڈی جی (PDG) ڈاکٹر آفتاب امام، مینٹور پی ڈی جی حنیف خان، ڈسٹرکٹ کے اعلیٰ عہدیداران، ڈپٹی گورنرز، اسسٹنٹ گورنرز سمیت سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے متعدد روٹری رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مزارِ قائد پر حاضری کے دوران شرکاء نے قائداعظم کے قومی وژن سے تجدیدِ عہد کرتے ہوئے خدمتِ خلق، دیانت داری، اور سماجی ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔
مزارِ قائد پر میڈیا اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ گورنر شہزاد صابر نے کہا:
"بابائے قوم کے مزار پر حاضری ہمیں یاد دلاتی ہے کہ حقیقی قیادت کا معیار انسانیت کی بے لوث خدمت ہے۔ نئے روٹری سال کے آغاز پر ہم سندھ اور بلوچستان کی کمیونٹیز میں ایسے منصوبوں پر کام کرنے کا عزم دہراتے ہیں جو دیرپا اور مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنیں۔"
انہوں نے مزید کہا کہ روٹری انٹرنیشنل کے عالمی صدر اولاینکا ایچ بابالولا (Olayinka H. Babalola) کے سالانہ پیغام 'Create Lasting Impact' کی روشنی میں ہم 'Service Above Self' (خود سے پہلے خدمت) کے جذبے کے تحت اپنی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنائیں گے۔
ڈسٹرکٹ گورنر شہزاد صابر نے آنے والے سال کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ روٹری ڈسٹرکٹ 3271 درج ذیل اہم ترین شعبوں میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دے گا:
پولیو کا خاتمہ: پاکستان کو پولیو سے پاک کرنے کی کوششوں کو تیز کرنا۔
تعلیم اور صحت: بنیادی تعلیم کا فروغ، ماں اور بچے کی صحت کی دیکھ بھال۔
پانی اور صفائی: صاف پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے نظام کی بہتری۔
ماحولیات اور معیشت: ماحولیات کا تحفظ اور پسماندہ طبقات کی معاشی خودمختاری۔
نوجوانوں کی قیادت: نوجوان نسل کی قائدانہ صلاحیتوں کو نکھارنا۔
واضح رہے کہ روٹری انٹرنیشنل ڈسٹرکٹ 3271 پاکستان کے دو اہم صوبوں، سندھ اور بلوچستان کے روٹری کلبز پر مشتمل ہے۔ یہ تنظیم روٹری انٹرنیشنل کے اس عالمی نیٹ ورک کا حصہ ہے جس کے دنیا بھر میں 12 لاکھ سے زائد اراکین امن، صحت، تعلیم، ماحولیات اور انسانیت کی خدمت کے لیے رضاکارانہ بنیادوں پر دن رات کوشاں ہیں۔