سندھ حکومت صوبے کی ثقافت، تاریخ اور سیاحت کو عالمی سطح پر روشناس کرانے کے لیے فلمی صنعت کی سرپرستی کر رہی ہے۔
صوبائی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیرِ صدارت محکمہ اطلاعات کے فلم اوورسائیٹ بورڈ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سرکاری فلمی منصوبوں کی تکمیل اور تقسیم کار کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ جدید دور میں او ٹی ٹی پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا فلموں کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ان ڈیجیٹل ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے سندھ حکومت کے منصوبوں کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جائے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوان تخلیق کاروں، مصنفین اور فنکاروں کو نئے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ مقامی سنیما کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جا سکے۔