سبز ہلالی پرچم سے سجی گلیاں۔۔۔ ہاتھوں میں قومی پرچم

صبانور صبانور

سبز ہلالی پرچم سے سجی گلیاں۔۔۔ ہاتھوں میں قومی پرچم


سبز ہلالی پرچم سے سجی گلیاں۔۔۔ ہاتھوں میں قومی پرچم۔۔۔ سینوں پر سبز ہلالی بیجز۔۔۔ اور فضا میں جشنِ آزادی کا جوش۔۔۔ ماہِ اگست کا آغاز ہوتے ہی کراچی کی مشہور جھنڈا گلی میں یومِ آزادی کی تیاریاں زور پکڑ گئیں۔۔۔ کہیں بچے اپنی پسند کی جھنڈیاں خریدتے نظر آئے تو کہیں بڑے گھروں اور گلی محلوں کو سجانے کے لیے قومی پرچم اور دیگر اشیاء خریدنے میں مصروف ہیں۔۔۔ 

یومِ آزادی کی آمد آمد۔۔۔ اگست کا آغاز ہوتے ہی شہرِ قائد میں جشنِ آزادی کی تیاریاں بھی رنگ پکڑنے لگیں۔۔۔ کراچی کی جھنڈا گلی میں سبز ہلالی پرچموں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجے اسٹالز اور دکانوں نے ماحول کو ابھی سے جشن میں بدل دیا۔۔۔

قومی پرچم۔۔۔ بیجز۔۔۔ جھنڈیاں۔۔۔ بچوں کے لباس اور چودہ اگست کی مناسبت سے استعمال ہونے والی مختلف اشیاء۔۔۔ جھنڈا گلی میں ہر طرف سبز ہلالی رنگ نمایاں ہے۔۔۔

بچے ہوں یا بڑے۔۔۔ نوجوان ہوں یا بزرگ۔۔۔ ہر عمر کے شہری یومِ آزادی کو بھرپور انداز میں منانے کے لیے اپنی پسند کی اشیاء خریدنے میں مصروف ہیں۔۔۔ کوئی ہاتھ میں لہرانے کے لیے جھنڈا لے رہا ہے تو کوئی اپنے گھر کی سجاوٹ کے لیے جھنڈیوں کا انتخاب کر رہا ہے۔۔۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ماہِ اگست شروع ہوتے ہی یومِ آزادی کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔۔۔ گھروں سے لے کر گلی محلوں تک سبز ہلالی پرچم سجانے کا اہتمام کیا جائے گا۔۔۔

اپنے گھروں، گلیوں اور محلوں کو قومی پرچموں سے سجا کر شہری وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کرنے کے لیے تیار ہیں۔۔۔ جبکہ بچوں میں جشنِ آزادی کا جوش ابھی سے دیدنی ہے۔۔۔

فی الحال ابھی بیجز وغیرہ لے لیے ہیں، جھنڈے لے لیے ہیں، چھوٹی موٹی چیزیں ہوگئی ہیں۔۔۔ آہستہ آہستہ مزید خریداری بھی کریں گے۔

چھوٹی موٹی جھنڈیاں دلادی ہیں، ایک آدھ جھنڈا بھی دلا دیا ہے۔۔۔ جیسے جیسے چودہ اگست قریب آئے گی، بڑے جھنڈے بھی لیں گے اور روڈوں پر نکلیں گے۔

بیجز وغیرہ تو مسلسل چل ہی رہے ہیں۔۔۔ اگست شروع ہوتے ہی یومِ آزادی کی خریداری میں بھی تیزی آجاتی ہے۔

جشنِ آزادی کی مناسبت سے بچوں کے سبز و سفید ملبوسات۔۔۔ چوڑیاں۔۔۔ بیجز۔۔۔ جھنڈیاں اور قومی پرچم سمیت مختلف اشیاء اسٹالز اور دکانوں پر سج چکی ہیں۔۔۔

یومِ آزادی میں ابھی کئی روز باقی ہیں، مگر شہرِ قائد کی جھنڈا گلی میں جشن کا رنگ ابھی سے نمایاں ہے۔۔۔ سبز ہلالی پرچموں سے سجی یہ گلیاں بتا رہی ہیں کہ وطن سے محبت کا جشن صرف ایک دن نہیں۔۔۔ بلکہ دلوں میں ہر روز زندہ رہتا ہے۔