کراچی کے علا قے کورنگی ابراہیم حیدری میں اے ٹی ایم مشین توڑنے کی کوشش ناکام ہوگئی


کراچی کے علا قے  کورنگی ابراہیم حیدری میں اے ٹی ایم مشین توڑنے کی کوشش ناکام  ہوگئی

 

 کراچی، عدنان اطہر

کراچی کے علا قے  کورنگی ابراہیم حیدری میں اے ٹی ایم مشین توڑنے کی کوشش ناکام  ہوگئی۔سیکیورٹی الارم بجنے پر ملزم بھاگ کھڑا ہوا۔  ایم اے جناح روڈ میڈیسن مارکیٹ میں  دکانوں اور گودام کے تالے کاٹ کر لاکھوں روپے صفایا کرنے کی واردات کا مقدمہ تاحال درج نہ ہوسکا۔

کراچی میں لٹیروں کی ایک بار پھر اے ٹی ایم پر ہاتھ صاف کرنے کی کوشش۔۔۔ اس بار کامیابی نہ مل سکی۔

پولیس کے مطابق کورنگی ابراہیم حیدری میں رات گئے نامعلوم ملزم ایچ بی ایل بینک کی   برانچ کے اے ٹی ایم  میں داخل ہوا اور  اسکرو ڈرائیور کے ذریعے مشین کی ٹرے کھولنے کی کوشش کی۔پہلی ٹرے کھلتے ہی سیکیورٹی الارم بجا جس پر ملزم خوفزدہ ہوکر بھاگ کھڑا ہوا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے شناخت چھپانے کے لئے اے ٹی ایم میں نصب  سی سی ٹی وی کیمرے پر کالا شاپنگ بیگ چڑھادیا تھا۔ ملزم اے ٹی ایم کی کیش ٹرے  تک پہنچنے میں ناکام رہا ۔

دوسری جانب  ایم اے جناح روڈ  میڈیسن مارکیٹ  میں ہونے والی نقب زنی کی واردات کا مقدمہ  تاحال  درج نہیں کیا جاسکا ہے،پولیس حکام کے مطابق  گزشتہ روز  حراست میں لئے گئے مارکیٹ کے چوکیدار وساتھیوں کو پوچھ گچھ کے بعد رہا کردیا گیا ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں نمایاں ہے کہ  ایک ہی ملزم نے تمام دکانوں کا صفایا کیا۔ پی ای سی ایچ ایس بلاک ٹو میں بھی تین ڈاکؤوں نے کارگو سروس کے دفتر   سے اسلحے کے زور پر لاکھوں روپے لوٹے اور فرار ہوگئے۔