جامعہ کراچی کے اساتذہ اور ملازمین کی یونینز نے جامعہ کراچی بحالی تحریک کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ جامعہ کراچی کی بگڑتی انتظامی اور مالیاتی صورتحال، کرپشن اور ملازمین کو درپیش مسائل کے حوالے سے پریس کانفرنس کی گئی۔ چار نکاتی ایجنڈا بھی پیش کیا گیا۔
جامعہ کراچی کے اساتذہ اور ملازمین انتظامی، مالیاتی اور انفراسٹرکچر کی تباہی سے تنگ آگئے۔جامعہ کراچی بحالی تحریک کا اعلان کردیا۔
انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے انجمن افسران، انجمن ملازمین اور سنڈیکیٹ اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد نے کہا کہ جامعہ کراچی کے اخراجات زیادہ بجٹ کم ہے۔ اساتذہ کو میڈیکل سہولیات تک میسر نہیں ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومت کی پالیسی جامعہ کراچی کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔
انجمن اساتذہ کے نائب صدر غفران عالم نے انتظامیہ سے فی الفور جامعہ کراچی کو درپیش مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا۔
بحالی تحریک کے شرکاء نے انتظامی ، مالی اور انفراسٹرکچر مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرنے سمیت چار نکاتی ایجنڈے پر تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔