یوم تکریم شہداء کی مناسبت سے کراچی میں سی ویو پر نشان پاکستان تک یکجہتی واک کی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد،شوبز ستاروں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی افراد نے شرکت کی۔
ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں۔۔۔وطن کے جانثاروں کو سلام۔
مملکت خداداد کے حق میں نعرے بلند کرتی اور قومی اداروں سے اظہار یکجہتی کا پیغام دینے والوں کی کثیرتعداد کراچی میں سی ویو روڈ پہنچی اور نشان پاکستان تک واک کی۔
حب الوطنی کے جذبے سے سرشار یکجہتی واک کے شرکاء میں نوجوان بچے،خواتین اور بزرگ شامل تھے،جن کا کہنا تھا کہ وطن پر جان قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے۔
واک میں شریک شوبز ستاروں نے پیغام دیا کہ بانیان وطن کے ساتھ شہداء کی قربانیوں کے قصے بھی نصاب کا حصہ بنائے جائیں تاکہ آنے والی نسلیں شہداء کی عظمت کو پہچان سکیں۔
واک میں شریک افراد نے یک جان و یک زبان ہوکر قومی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کی مذمت کی اور شہداء کی طرح ملک کے لئے کسی بھی قربانی دینے سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
یوم تکریم شہداشایان شان انداز میں مناکر پاکستانیوں نے واضح پیغام دیا ہے کہ ہمارے شہداء، ہمارا فخر ہیں،،اور زندہ قومیں اپنی محسنوں کی قربانیاں فراموش نہیں کرتیں۔