نگراں وزیر داخلہ سندھ حارث نواز کا کہنا ہے غیرقانونی تارکین وطن کی واپسی میں رکاوٹ ریاست سے جنگ تصور ہوگی۔صرف افغان نہیں غیرقانونی طور پر مقیم انڈین اور بنگالی باشندوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کہتے ہیں ملکی سطح پر ڈیٹا بیس بنالیاہے۔ نکالے گئے افراد واپس نہ آجائیں، اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
کراچی میں مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر داخلہ سندھ بریگیڈئر ریٹائرڈ حارث نواز کا کہنا تھا ہمیں اپنے ملک کے حالات ٹھیک کرنے ہیں۔
سیاسی جماعتوں کو بھی سوچنا چاہیے ۔ اس موقع پر سیاست نہ کریں۔
جن غیرملکیوں کے پاس کاغذات نہیں، ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔آپریشن میں سیاسی جماعتیں رکاوٹ بنیں گی،، تو وہ ریاست کے ساتھ جنگ تصور کی جائے گی۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا یہ آپریشن کسی ایک قوم کے خلاف نہیں۔ غیرقانونی طور پر مقیم انڈین اور بنگالی باشندوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ ہمارا مقصد ایک ہے۔
ڈیزل، آئل ، چھالیہ سمیت دیگر اشیا کی اسمگلنگ روکیں گے۔وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا تھا غیرقانونی تارکین وطن دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ ملکی سطح پر ان کا ڈیٹا بیس بنا لیا ہے۔
بلوچستان میں تین پوائنٹس بنائے ہیں،،
جہاں انہیں رکھیں گے ۔ ان کی انٹری ہوگی ،،پھر ان کو بھیجا جائے گا۔ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گاکہ غیر قانونی مقیم افراد واپس نہ آجائیں۔
جان اچکزئی نے وزیرداخلہ سندھ کی بات کو دہرایا کہ سیاسی جماعتیں غیرقانونی مقیم لوگوں کی سرپرستی نہ کریں۔