کراچی سمیت ملک بھر میں مستقبل میں آنے والے کورونا وائرس کے ویرینٹس اور بھی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں


کراچی سمیت ملک بھر میں مستقبل میں آنے والے کورونا وائرس کے ویرینٹس اور بھی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں

کراچی،نزاہت خان

کراچی سمیت ملک بھر میں مستقبل میں آنے والے کورونا وائرس کے ویرینٹس اور بھی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ ڈیلٹا کے بعد 40 سے زائد ممالک میں لیمڈا ویرینٹ بھی سر اٹھا رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت نے مستقبل میں آنے والے ویرینٹس کے نام بھی پہلے ہی لاطینی حروف کے ناموں پر طے کررکھے ہیں۔

ویکسی نیشن ہی کورونا وائرس سے بچاؤ کا واحد حل ہے۔

سارس کوو ٹو کے ڈیلٹا ویرینٹ کے بعد 40 سے زائد ممالک میں اب لیمڈا ویرینٹ سر اٹھا رہا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ویرینٹ ڈیلٹا سے زیادہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے کیونکہ اس کا پھیلاؤ ڈیلٹا ویرینٹ سے زیادہ تیزی سے ہوتا ہے۔ بھارتی ویرینٹ ڈیلٹا پر اٹھنے والے سوالات کے بعد عالمی ادارہ صحت نے مستقبل میں آنے والے ویرینیٹس کے نام لاطینی زبان کے حروف پر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

عالمی ادارہ صحت یوکے ویرینٹ کو ایلفا ، ساؤتھ افریقی ویرینٹ کو بیٹا ، برازیلین کو گاما اور انڈین ویرینٹ کو ڈیلٹا کا نام دے چکا ہے۔

پیرو سے سامنے آنے والے ویرینٹ کو لیمڈا کا نام دیا گیا ہے۔ مستقبل میں آنے والے متوقع ویرینٹس  کو  زیٹا،  ایٹا،  تھیٹا،  ،  کپپا،  مُو،  نو،  زائی،  فائی،  پائی،  اومیگا ، سگما اور دیگر نام دیئے جائیں گے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایئرپورٹس کے ذریعے دیگر ممالک سے پاکستان آنے والے شہریوں پر کڑی نظر رکھنا ہوگی۔ ورنہ ڈیلٹا ویرینٹ کے بعد مزید تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹس سے نمٹنا اور بھی مشکل ہوجائے گا۔