سندھ حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین کی فراہمی کی مدمیں دوا ساز کمپنی کو واجبات کی عدم ادائیگی کا معاملہ۔ سندھ ہائی کورٹ نے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کرلی۔
ریمارکس دیئے رقم بڑی ہے۔ یہ سوچتے ہوں گے ہمیں کیا ملے گا۔یہ لوگ اپنا حصہ مانگ رہے ہوں گے۔
سندھ ہائی کورٹ میں دوا ساز کمپنی کے وکیل نے بتایا سندھ حکومت نے کورونا ویکسین منگوائی تھی۔طویل عرصے سے پینسٹھ کروڑ روپے ادا کرنے ہیں۔ پیسے دینے کے لیے سندھ حکومت نے تین کمیٹیاں بنائیں۔ تینوں کمیٹیوں نے دوا سازکمپنی کو واجبات ادا کرنے کی سفارش کی۔ چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیئے مسئلہ یہ ہے رقم بڑی ہے، یہ سوچتے ہوں گے ہمیں کیا ملے گا۔ سیکرٹری صحت کو بلالیتےہیں ۔ ان سے ہی پوچھ لیتے ہیں پیسے دینے ہیں یا نہیں۔ فوکل پرسن محکمہ صحت نے بتایا ایک کمیٹی کے سربراہ ریٹائرڈ ہوگئے ہیں۔ جائزہ لینے کے لیے وقت دیا جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کورونا ختم ہوگیا ہے ۔
اب پانچ سوسال تک کمیٹیاں بناتے رہیں گے۔ یا کمیشن چاہیئے۔عدالت نے سماعت اکتیس مئی تک ملتوی کردی۔