قائداعظم گیمز کے ٹرائلز شروع
کراچی, حیدرآباد اور سکھر کے میدانوں میں نوجوان کھلاڑیوں کا رش
لڑکے اور لڑکیاں مختلف کھیلوں میں کامیاب ہونے کے لیے سلیکشن کمیٹیوں کے سامنے پرفارم کر رہے ہیں
کراچی سندھ کے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے قائداعظم گیمز 2024 میں شرکت کے لیے صوبائی کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا آغاز ہوچکا ہے, صبح سویرے ہی مختلف گرائونڈز میں نوجوان ظھلائی پہنچنا شروع ہوگئے۔ قائداعظم گیمز آئندہ ماہ اسلام آباد میں منعقد ہوں گی۔
صوبائی وزیر سردار محمد بخش خان مہر کی ہدایات پر اسپورٹس سیکریٹری عبدالعلیم لاشاری نے کراچی, حیدرآباد اور سکھر کے مختلف اسپورٹس گراؤنڈز میں کھلاڑیوں کے ٹرائلز کرانے کے لیے ڈیپارٹمنٹ کے افسران مقرر کردیے ہیں۔
قائداعظم گیمز میں شامل کھیلوں میں ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، باکسنگ، فٹبال، ہاکی، جوڈو، کبڈی، کراٹے، اسکواش، سوئمنگ، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو، والی بال، ویٹ لفٹنگ، اور کشتی شامل ہیں۔ ان کھیلوں کے ٹرائلز میں 22 سال سے کم عمر کے کھلاڑی ٹرائلز مقابلوں میں اپنی کاامیابی کی امید لیے پہنچ چکے ہیں۔
کراچی ڈویژن کے لیے ڈائریکٹر اسپورٹس امداد علی ابڑو کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو ٹرائل سلیکشن کے عمل کو یقینی بنائیں گی۔ ٹرائلز آج ہفتہ اور اتوار کو کراچی کے مختلف اسپورٹس مقامات پر جاری ہیں، جن میں پی سی بی کوچنگ سینٹر، کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس، این ای ڈی یونیورسٹی، سندھ اسپورٹس بورڈ کمپلیکس، کراچی ہاکی گراؤنڈ، ککری گراؤنڈ، کراچی یونائیٹڈ گراؤنڈ، نسیم حمید اکیڈمی، اور آل برادر گراؤنڈ شامل ہیں۔
ٹرائلز میں کامیاب ہونے والے کھلاڑیوں کو سندھ کے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے قائداعظم گیمز میں شرکت کے لیے اسلام آباد بھیجا جائے گا۔