کراچی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کا ایک پولنگ اسٹیشن پر پیپلز پارٹی کے کارکنوں پر جعلی ووٹ ڈالنے کا الزام ۔لیاقت آباد کے ایک پولنگ اسٹیشن پر ایک ہی کمرے میں دو بوتھ بنانے سے ووٹرز کو مشکلات کا سامنا رہا۔
جماعت اسلامی کا صوبائی الیکشن کمشنر کو تحریری شکایت میں کہنا ہے جعلی ووٹ ڈالنے کا واقعہ لیاقت آباد ٹاؤن ،یو سی سات کے اللہ آباد اسکول پولنگ اسٹیشن نمبر چار میں پیش آیا ۔ پیپلز پارٹی کے دوکارکنوں نے مداخلت کی اور بیلٹ باکس میں سات جعلی ووٹ ڈالے گئے۔ پولنگ ایجنٹ کے اعتراض پر انتخابی عملے اور پریذائڈنگ افسر نے کوئی کارروائی نہیں کی ۔ دوسری جانب یوسی سات لیاقت آباد ٹاؤن کے اللہ آباد اسکول میں ہی پولنگ اسٹیشن نمبر چار، پانچ،چھ اور سات میں بدنظمی دیکھنے میں آئی۔ اسکول کی عمارت تنگ ہے،، اوپر سے ایک ہی کمرے میں دو بوتھ بنادئیے گئے۔ خواتین بغیر قطار کے پولنگ بوتھ پر کھڑی رہیں۔ پریزائڈنگ افسر کا کہنا تھا قطار لگوانے کی جگہ ہی نہیں ہے۔