کراچی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم اطفال کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک حوصلہ افزاء تقریب کا انعقاد کرتے ہوئے بچوں، والدین، کمیونٹی رہنماؤں، این جی اوز اور سرکاری افسران کو ایک آگاہی واک کے لیے اکٹھا کیا جس کا مقصد بچوں کے حقوق کی اہمیت اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کے مشترکہ ذمہ داری پر زور دینا ہے۔
بچوں کا عالمی دن ہر سال 20 نومبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد بچوں کے حقوق اور بہبود کے حوالے سے بہتر سے بہتر انتظامات کرنا ہے۔ اس دن کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے محکمہ سماجی بہبود کے تحت ایس سی پی اے نے سی ویو میں میکڈونلڈز سے نشانِ پاکستان تک واک کا اہتمام کیا۔وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مارچ کی قیادت کی جہاں بچوں، والدین اور کمیونٹی کے افراد نے سفید شرٹس ،ٹوپیاں، بینرز اور پلے کارڈز جن پر بچوں کے حقوق اور تحفظ کے حوالے سے پیغامات مزین تھے، شرکت کی۔
بچوں کو بااختیار بنانے میں کمیونٹی کی شمولیت کو فروغ دینے کے لیے بچوں کو اپنی رائے اور خدشات کا اظہار کرنے کا ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کیا۔ سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس 1122 کی جانب سے دو میڈیکل کیمپس میں شرکاء کو طبی امداد کی سہولت فراہم کی گئی جبکہ ایک مضبوط سیکیورٹی پلان کے ذریعے ایک محفوظ اور پُرامن ماحول کی فضا بھی قائم کی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بچوں کے حقوق کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بچے ہمارے معاشرے کے سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور جو قوم کے مستقبل کو تشکیل دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں بچوں کی پرورش، تحفظ اورانہیں بااختیار بنانے کے لیے اپنی حکومت کی غیر متزلزل کاوشوں کا عہد کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر انہیں ایذا و تکلیف سے بچانا چاہیے، انہیں تعلیم اورترقی کے بہترین مواقع فراہم کرنا ہے اور ایک خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھنی چاہیے۔گزشتہ پانچ سالوں کے دوران،ایس سی پی اے SCPA نے بچوں کے تحفظ کے 6,780 کیسز کو کامیابی سے حل کیا،
2,604 گمشدہ بچوں کو ان کے خاندانوں سے ملایا، 220 چائلڈ میرج کے معاملات رکوائے اور 287 مغوی بچوں کو بازیاب کرایا۔24/7چائلڈ پروٹیکشن ہیلپ لائن نے صوبے بھر میں 168,000 کالز موصول کیےاور 30 آپریشنل چائلڈ پروٹیکشن یونٹس کے ساتھ بچوں کی حفاظت اور بہبود کو یقینی بنانے میں سرخرو ہے۔
وزیر برائے سماجی بہبود طارق علی تالپور نے اپنے خطاب میں بچوں کے تحفظ میں حکومتی اقدامات اور کامیابیوں کے حوالے سے روشنی ڈالی۔عالمی یوم اطفال ہمیں بچوں، اان کی حفاظت اور بہتر مستقبل کے حوالے سے ہماری ذمہ داریوں کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس واک میں آپ سب کا زبردست تعاون ہمارے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی اور محکمہ سماجی بہبود نے اس سلسلے میں اہم پیش رفت کی ہے۔محکمہ سماجی بہبود نے سندھ دارالاطفال سپرویژن اینڈ مانیٹرنگ ایکٹ بھی نافذ کیا ہے، 40
پرائیویٹ یتیم خانے رجسٹر کیے ، کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں تین دارالاطفال کو فعال کیا تاکہ بچوں کی بحالی کے حوالے سے بہتر سے بہتر اقدامات کیے جاسکیں ساتھ ساتھ منشیات کے عادی بچوں کو بھی قومی دھارے کا حصہ بنایا جاسکے۔
سندھ چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی اور حکومت سندھ تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس نیک مقصد میں تعاون اور ہر بچے کے حقوق، تحفظ اور بہبود کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ سفر جاری رکھنے کا مطالبہ کرتی ہے۔