کراچی آرٹس کائونسل کراچی میں سانا کی جانب سے پانی کانفرنس کا انعقاد

عرفان علی عرفان علی

  کراچی آرٹس کائونسل کراچی میں سانا کی جانب سے پانی کانفرنس کا انعقاد



کراچی آرٹس کائونسل کراچی میں سانا کی جانب سے پانی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے مختلف سیاسی تنظیموں کے رہنماؤں اور ادیبوں نے خطاب کیا۔ کانفرنس میں عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری، سندھیاني تحریک کی مرکزی صدر عمرہ سموں، اور عوامی تحریک کے مرکزی سینئر نائب صدر نور احمد کاتیار کی قیادت میں عوامی تحریک کے وفد نے شرکت کی۔ 

پانی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عوامی تحریک کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ وسند تھری نے کہا کہ چھ نئے کینالز کی تعمیر آبی دہشت گردی ہے۔


دریائے سندھ پر ان کینالز کی تعمیر عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت دریائے سندھ کو فروخت کر رہی ہے، وفاقی حکومت پیپلز پارٹی کے تعاون سے یہ چھ نئے کینالز تعمیر کر رہی ہے۔ وسند تھری نے مزید کہا کہ کارپوریٹ فارمنگ منصوبوں کو پانی فراہم کرنے کے لیے سندھ کا پانی بند کیا جا رہا ہے، جو کہ سندھیوں کی نسل کشی کی سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک اور سندھیاني تحریک نے ان چھ نئے کینالز کے خلاف کراچی اور سکھر میں ریلیوں سمیت سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں زبردست عوامی بیداری مہم چلائی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کارپوریٹ فارمنگ اور چھ نئے کینالز کے خلاف عوامی تحریک کی جانب سے 18 جنوری کو اسلام آباد میں کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ 


سندھیانی تحریک کی مرکزی صدر عمرہ سموں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کی طرح چھ نئے کینالز کے منصوبوں کے خلاف بھی سندھیانی تحریک نے مثالی جدوجہد کی ہے۔


انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ پر کوئی بھی کینال یا ڈیم برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عمرہ سموں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی دریائے سندھ اور سندھ کی زمینوں کو اپنی کرسی کی خاطر فروخت کر رہی ہے۔