کراچی
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، آج کے دن ایک اور سچ عوام کے سامنے آیا ہے، ایک شخص جو سچائی اور ایمانداری کا لبادہ اوڑھ کر برسوں سے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا تھا، اس کے چہرے سے سچائی اور ایمانداری کا نقاب اترتا جا رہا ہے، عمران خان اپنے تمام مخالفین کو برسوں سے چور ڈاکو بول کر بیانیہ بناتے رہے،عوام کے سامنے یہ بات آگئی ہے کہ یہ شخص، جھوٹا اور دھوکے باز ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ 126 دن کا دھرنا ریاست کو بلیک میل کرنا تھا، اس شخص کو پاکستان یا عوام سے کو لگائو نہیں، پی ٹی آئی آج بھی فرد واحد کے ریلیف کے لیے ریاست کےخلاف جنگ لڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو جو سزا سنائی گئی، یہ وہی چیزیں ہیں جن کا انتخاب عمران خان نے خود کیا تھا، عمران خان نے مخالفین کو نیب کے ذریعے گرفتار کروایا، نشانہ بنایا،کسی ٹی وی پروگرام میں کوئی عمران خان کے خلاف کچھ بولتا تو دوسرے دن اس کے خلاف نیب کے نوٹس آجاتا تھا۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان پیپلز پارٹی کی قیادت صدر آصف علی زرداری، محترمہ فریال تالپور کو جیل میں ڈالا، مسلم لیگ ن کی قیادت کو جیل میں بند کیا، عمران خان کا منصوبہ نیب کے ذریعے ملک پر حاکمیت کرنا کا تھا، آج عمران خان کو اپنے غلط کاموں کی سزائیں مل رہی ہیں، عمران خان کارپوریٹ کرمنل تھا، توشہ خانہ سے گھڑیاں چوری کرکے فروخت کیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت گئی تو سب سے پہلے بنی گالہ میں بیٹھ کر بدلیاں کروانے والی فرح گوگی کو ملک سے بھگایا، عمران خان وضاحتیں پیش کرتے رہے کہ فرح گوگی کا کوئی تعلق نہیں۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج عمران خان کو 14 سال کی سزا ہوئی، کوئی ایک شخص احتجاج کے لئے نہیں نکلا، معمولی گرفتاری پر 9 مئی پر پورے ملک کو آگ لگائی گئی، اداروں پر حملے کئے گئے،سزا کو ہوئےچار پانچ گھنٹے ہوگئے, آج وہ گریبان کھول کرباتیں کرنےوالےکہاں چلےگئے, آج ان کو ہدایات دینے والا خود جیل میں ہے، اس لیے آج کہیں کوئی احتجاج نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2018 سے بانی پی ٹی آِی ریاست کےخلاف جنگ لڑ رہا ہے، ریاست کےخلاف ان لوگوں نے جنگ شروع کی ہوئی ہے، آپ چور ہو، عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے، مقدمات آپ کے خلاف بہت بڑی چارج شیٹ ہے۔
سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کیا پی ٹی آئی لیڈران فرح گوگی، مالم جبہ اور کے پی بی آر ٹی کیس کا دفاع کر سکتے ہیں؟ عوام کو آنکھیں کھولنی چاہئیں، عوام کے سامنے ایمانداری کا ڈھونگ مزید نہیں چل سکتا۔ پی ٹی آئی کی پوری کوشش یہ ہے کہ عمران خان کو جیل سے نکالا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی عدالتیں پاکستان کے قانون کے مطابق چلیں گے، کوئی ٹرمپ کارڈ نہیں چلے گا۔