گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

عرفان علی عرفان علی

 گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی

کراچی  وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی سعید غنی نے کہا ہے کہ 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی اور یہاں منعقد ہونے والے جلسہ عام میں کراچی سے ہزاروں کی تعداد میں کارکنان اور جیالے گڑھی خدا بخش پہنچیں گے۔


شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اس ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور اس ملک کو نہ صرف ایٹمی قوت بنایا بلکہ اس ملک کو ایک ایسا آئین دیا، جو پاکستان بننے کے بعد سے نہیں بن سکا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز پیپلز سیکرٹریٹ کراچی میں منعقدہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔


اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و وزیر اعلٰی سندھ کے معاون خصوصی سید وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و ڈسٹرکٹ سائوتھ کے صدر جاوید ناگوری، سنئیر نائب صدر راجہ رزاق، مرزا مقبول، پیپلز پارٹی خواتین ونگ کراچی کی صدر ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹریز آصف خان و شکیل چوہدری، تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز، تمام ذیلی تنظیموں کے عہدیداران و دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں 4 اپریل کو شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں ہونے والے مرکزی تقریب میں شرکت اور تقریب کی تیاریوں سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ 4 اپریل کو بانی و قائد شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی شایان شان طریقے سے منائی جائے گی۔ برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مزار کے باہر گرائونڈ میں منعقد ہوگی، جس سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین و صدر پاکستان آصف علی زرداری و دیگر پارٹی اعلٰی قیادت خطاب کریں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع سے قافلے 2 اور 3 اپریل سے گڑھی خدا بخش کے لئے روانہ ہونا شروع ہوجائیں گے

۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سید وقار مہدی نے کہا کہ اس سال شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری اہم اعلان کریں گے۔ جبکہ سندھ سے ہزاروں کی تعداد میں جیالے گڑھی خدا بخش پہنچیں گے اور اپنے قائد کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع سے پیپلز پارٹی کے عہدیداران،  منتخب نمائندے، پارٹی کارکنان و ہمدرد ہزاروں کی تعداد میں برسی میں شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کراچی ڈویژن کے تحت استقبالیہ کمیٹی و دیگر کمیٹیاں بنائی گئی ہیں، جو تمام معاملات کو مانیٹر کریں گی۔